10

امریکی گلوکارہ بیونسی نے گریمی کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایوارڈز لینے کا اعزاز اپنے نام کرلیا

امریکی گلوکارہ، اداکارہ اور ہدایت کارہ بیونسی نے موسیقی کے سب سے معتبر ایوارڈ گریمی کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

39 سالہ امریکی گلوکارہ بیونسی نے گریمی کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایوارڈز اپنے نام کرنے میں گلوکارہ اور موسیقارہ ایلیسن کراس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

گریمی ایوارڈ 2021 میں گلوکارہ بیونسی کو ان کے گانے ’بلیک پریڈ‘ میں بہترین آر اینڈ بی پرفارمنس کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ایوارڈ وصول کرتے وقت بیونسی نے کہا کہ ایک فنکار ہونے کی حیثیت سے میرا یقین ہے کہ وقت کی عکاسی کرنا میرا کام ہے اور یہ اتنا مشکل وقت رہا ہے لہٰذا میں ان تمام خوبصورت سیاہ فام کوئنز اور کنگز کی ترقی اور حوصلہ افزائی کا جشن منانا چاہتی ہوں جو مجھے اور دنیا کو متاثر کرتے رہے ہیں۔

دوسری جانب امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ بھی گریمی کی تاریخ میں 3 مرتبہ البم آف دی ائیر کا ایوارڈ نام کرنے والی پہلی خاتون فنکار بن گئی ہیں۔

گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کو ان کے لاک ڈاؤن کے البم ’فوک لور‘ پر ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ اس سے قبل صرف 3 فنکار ایسے ہیں جنہوں نے 3 بار البم آف دی ائیر کا ایوارڈ اپنے نام کیا جن میں فرینک سنتارا، پاؤل سمن اور اسٹیو ونڈر شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں