106

بھارتی اداکار کورونا سے ہلاک، اہلیہ نے موت سے قبل کی ویڈیو شیئر کردی

بھارتی اداکار و یوٹیوبر راہول وہرا کی اہلیہ نے اسپتال کی غفلت اور آکسیجن نہ ملنے کو شوہر کی موت کی وجہ قرار دیتے ہوئے شوہر کی موت سے قبل کی ویڈیو شیئر کردی۔

گزشتہ روز 35 سالہ معروف یوٹیوبر راہول وہرا کورونا سے چل بسے تھے، اپنی موت سے ایک روز قبل فیس بک پر پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا کہ اگر مجھے اچھا علاج مل جاتا تو میں بچ جاتا۔

اب راہول وہرا کی اہلیہ جیوتی تیواری نے اسپتال پرعلاج کی بہتر سہولتیں نہ دینے کا الزام عائد کیا ہے اور شوہر کی آخری دنوں کے علاج کی ویڈیو پوسٹ کی ہے۔

ان کی اہلیہ نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میرا راہول چلا گیا یہ سب کو پتا ہے لیکن کسی کو یہ نہیں پتا وہ کیسے گیا، راجیو گاندھی اسپتال میں اس طرح سے علاج کیا جاتا ہے، امید کرتی ہوں میرے شوہر کو انصاف ملے گا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راہول کو اسپتال کے بیڈ پر آکسیجن لگا ہوا ہے اور وہ اکھڑتی سانس کے ساتھ بتا رہے ہیں کہ اس وقت آکسیجن کی بہت قیمت ہے اور اس کے بغیر مریض کچھ بھی نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ماسک سے آکسیجن نہیں آرہی ہے بلکہ پانی آرہا ہے، میں اسپتال عملے کو آوازیں لگاتا ہوں کوئی آتا ہی نہیں ہے۔

خیال رہے کہ راہول وہرا کو راجیو گاندھی اسپتال سے دوسرے اسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے تھے۔

ذرائع: اے آر واے نیوز اردو

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں