126

سعودی علاقے جازان کی شہری آبادی تباہی سے بال بال بچ گئی

حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا گیا بارود بردار ڈرون چند لمحے پہلے تباہ کر دیا گیا

سعودی عرب میں عید کی تعطیلات سے پہلے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی تھی۔اب ایک بار پھر حوثی ملیشیا کی جانب سے حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودیہ کے سرحدی علاقہ جازان کی آبادی پر کیا گیا ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔ یہ ڈرون طیارہ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔تاہم چند لمحے پہلے اس کی سعودی ریڈارز نے نشان دہی کر دی جس کے فوراً بعد اس ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔ اگر یہ بارود بردار ڈرون شہری آبادی کو نشانہ بنا لیتا تو انسانی جانوں کو خطرات پیش آ سکتے تھے۔ واضح رہے کہ عید سے دو روزقبل ابھا کے ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیاتھا۔

اور عید سے ایک روز قبل سعودیہ کے سرحدی علاقے کے ایک گاؤں پر راکٹ داغا گیاتھا۔اس حملے میں شہری بال بال بچ گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے صوبے جازان میں یمن کی سرحد کے قریب واقع ایک گاؤں پر راکٹ حملہ کیا گیا ۔ یہ راکٹ ایک گھر کے صحن میں آ گھرا۔ جس کے نتیجے میں گھر کو اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم گھر کے مکین رب کی مہربانی سے بال بال بچ گئے ہیں۔ جازان کے شہری دفاع ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان نے بتایا کہ ایک گھر میں راکٹ گرنے کے اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔راکٹ گھر کے صحن میں گرنے سے دیواروں اور صحن اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔عرب عسکری اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے ایک بیان میں بتایا عرب فوجی اتحاد کی جانب سے اب تک حوثیوں کے 369 میزائل ، 626 بمبار ڈرون اور 68 بمبار کشتیوں کے ذریعے حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔ ۔اس کے علاوہ سمندر میں حوثیوں کی جانب سے بچھائی 204 بارودی سرنگیں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔

ذرائع: اردو پوائنٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں