86

سعودی عرب پرحوثی ملیشیا کا لگاتار پانچ پروجیکٹائل سے حملہ

جازان کے سرحدی گاؤں کی آبادی جانی نقصان سے بال بال بچ گئی

 سعودی عرب میں عید کی تعطیلات سے پہلے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی تھی۔اب ایک بار پھر حوثی ملیشیا کی جانب سے حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔سعودی میڈیا کے مطابق یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودیہ یمن سرحد کے قریب ایک گاؤں کی آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش ۔ اس مقصد کے لیے جازان کے سرحدی گاؤں پر پانچ گولے (پروجیکٹائل) داغے گئے جو کہ خوش قسمتی سے آبادی سے کچھ میٹر دُور ایک سڑک کے آس پاس آ گرے، جہاں اس وقت کوئی ٹریفک نہیں گزر رہی تھی، ورنہ جانی نقصان کا المیہ پیش آ سکتا تھا۔

جازان کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان مھند زیلعی نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ گاؤں کی ایک بڑی سڑک کے قریب پانچ گولے دکھائی دیئے ہیں۔

شہری دفاع کے عملے نے فوراً پہنچ کر دیکھا تو یہ پروجیکٹائل تھے۔ جو خوش قسمتی سے آبادی سے خالی زمین پر آ گرے تھے، جس کی وجہ سے کوئی افسوس ناک واقعہ پیش نہیں آیا۔گزشتہ ایک ہفتے کے دوران حوثیوں نے سعودی عرب پر 8 ڈرون اور تین بیلسٹک میزائل حملے کیے تھے جنہیں مستعد سعودی فضائی افواج نے فوری طور پر فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل سمندری حدود سے سعودی مملکت کو تباہی کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام ہو گئی تھی۔ عرب اتحاد کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ بحر احمر کے جنوب میں حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجی گئی دھماکا خیز کشتی تباہ کر دی گئی ہے جو کسی اہم سعودی تنصیب کو ہدف بنانے کے لیے بھیجی گئی تھی۔چند روز پہلے سعودیہ کے سرحدی علاقہ جازان کی آبادی پربھی ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔ یہ ڈرون طیارہ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔ تاہم چند لمحے پہلے اس کی سعودی ریڈارز نے نشان دہی کر دی جس کے فوراً بعد اس ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔ اگر یہ بارود بردار ڈرون شہری آبادی کو نشانہ بنا لیتا تو انسانی جانوں کو خطرات پیش آ سکتے تھے۔عید سے دو روزقبل ابھا کے ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیاتھا۔ اور عید سے ایک روز قبل سعودیہ کے سرحدی علاقے کے ایک گاؤں پر راکٹ داغا گیاتھا۔ اس حملے میں شہری بال بال بچ گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے صوبے جازان میں یمن کی سرحد کے قریب واقع ایک گاؤں پر راکٹ حملہ کیا گیا ۔ یہ راکٹ ایک گھر کے صحن میں آ گھرا۔ جس کے نتیجے میں گھر کو اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم گھر کے مکین رب کی مہربانی سے بال بال بچ گئے ہیں۔عرب عسکری اتحاد کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے ایک بیان میں بتایا عرب فوجی اتحاد کی جانب سے اب تک حوثیوں کے 369 میزائل ، 626 بمبار ڈرون اور 68 بمبار کشتیوں کے ذریعے حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔ ۔اس کے علاوہ سمندر میں حوثیوں کی جانب سے بچھائی 204 بارودی سرنگیں بھی تباہ کر دی گئی ہیں۔

ذرائع: اردو پوائنٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں