52

سعودی عرب پر دو بارود بردار ڈرونز سے حملہ ناکام بنا دیا گیا

حوثی ملیشیا نے ایک ڈرون جنوبی سعودی عرب جبکہ دوسرا ڈرون خمیس مشیط کی جانب بھیجا تھا، جنہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا

سعودی عرب میں عید کی تعطیلات کے بعد سے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں بہت زیادہ تیزی آ گئی تھی۔گزشتہ کئی روز سے حوثیوں کی جانب سے تقریباً روزانہ سعودی مملکت پر ڈرونز، گولے اورمیزائل داغے جا رہے ہیں۔ گزشتہ جمعہ کے روز سعودیہ پر دو بارود بردار ڈرون بھیجے گئے۔ تاہم حوثیوں کی جانب سے کیے گئے ان حملوں کو اتحاد ی افواج نے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی ناکام بنا دیا ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز حوثی ملیشیا نے پہلے جنوبی سعودی عرب کی جانب تباہی پھیلانے کے لیے ڈرون بھیجا تھا، جسے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔ جبکہ رات کے وقت بھی خمیس مشیط کے علاقے پر بارود سے لدا ڈرون بھیجا گیا، اس ڈرون کو بھی راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

یوں سعودیہ کے دو اہم مقام تباہی سے بال بال بچ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ دو روز قبل یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودیہ یمن سرحد کے قریب ایک گاوٴں کی آبادی کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی۔اس مقصد کے لیے جازان کے سرحدی گاوٴں پر پانچ گولے (پروجیکٹائل) داغے گئے جو کہ خوش قسمتی سے آبادی سے کچھ میٹر دْور ایک سڑک کے آس پاس آ گرے، جہاں اس وقت کوئی ٹریفک نہیں گزر رہی تھی، ورنہ جانی نقصان کا المیہ پیش آ سکتا تھا۔جازان کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان مھند زیلعی نے بتایا کہ علاقہ مکینوں کی جانب سے اطلاع ملی تھی کہ گاوٴں کی ایک بڑی سڑک کے قریب پانچ گولے دکھائی دیئے ہیں۔شہری دفاع کے عملے نے فوراً پہنچ کر دیکھا تو یہ پروجیکٹائل تھے۔ جو خوش قسمتی سے آبادی سے خالی زمین پر آ گرے تھے، جس کی وجہ سے کوئی افسوس ناک واقعہ پیش نہیں آیا۔گزشتہ ایک ہفتے کے دوران حوثیوں نے سعودی عرب پر 8 ڈرون اور تین بیلسٹک میزائل حملے کیے تھے جنہیں مستعد سعودی فضائی افواج نے فوری طور پر فضا میں ہی تباہ کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ دو روز قبل سمندری حدود سے سعودی مملکت کو تباہی کا نشانہ بنانے کی کوشش ناکام ہو گئی تھی۔عرب اتحاد کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ بحر احمر کے جنوب میں حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجی گئی دھماکا خیز کشتی تباہ کر دی گئی ہے جو کسی اہم سعودی تنصیب کو ہدف بنانے کے لیے بھیجی گئی تھی۔چند روز پہلے سعودیہ کے سرحدی علاقہ جازان کی آبادی پربھی ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا تھا۔ یہ ڈرون طیارہ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔ تاہم چند لمحے پہلے اس کی سعودی ریڈارز نے نشان دہی کر دی جس کے فوراً بعد اس ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا ہے۔ اگر یہ بارود بردار ڈرون شہری آبادی کو نشانہ بنا لیتا تو انسانی جانوں کو خطرات پیش آ سکتے تھے۔

ذرائع: اردو پوائنٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں