147

سعودیہ کے دارالحکومت ریاض کے ایک بازار میں آگ بھڑک اُٹھی

آتش زدگی پر قابو پا لیا گیا، اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے

سعودی عرب میں گرمی کے موسم میں بڑے شہروں میں تجاراتی مراکز، رہائشی عمارتوں اور گوداموں میں آتش زدگی کے واقعات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔موسم گرما کے آغا ز پر ایسے واقعات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔اب ایسا ہی ایک اور واقعہ پیش آیا ہے تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ سعودی محکمہ شہری دفاع کے مطابق ریاض کے ایک بازار میں آگ بھڑک اُٹھی تاہم اس آگ پر جلد قابو پا لیا گیا۔شہری دفاع کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بتایا گیا ہے کہ اس واقعے میں مالی نقصان ہوا ہے تاہم کسی شخص کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل سعودیہ میں آتش زدگی کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعد د زخمی ہو گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق سعودیہ کے مشرقی صوبے کے شہر الخبر میں رات 12 بجے ایک ریسٹورنٹ میں موجود گیس سلنڈر پھٹ گئے ، جس سے ایک شخص کی ہلاکت ہو گئی اور 7 افراد زخمی ہو گئے تھے۔شہری دفاع کے محکمے کے مطابق یہ واقعہ العقربیہ کے علاقے میں پیش آیا تھا جس میں ریسٹورنٹ اور آس پاس کی دُکانیں منہدم ہو گئی تھیں۔اس واقعے میں ریسٹورنٹس اور اس سے ملحقہ 8 دُکانیں بھی متاثر ہوئی تھیں۔اس سے پہلے ریاض کے ایک شاپنگ سنٹر میں آگ لگنے سے ایک خاتون کی ہلاکت ہو گئی تھی اور پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔آتش زدگی کا یہ واقعہ ریاض کے علاقے الدیرہ کے ایک تین منزلہ شاپنگ سنٹر میں پیش آیا تھا۔آگ لگنے سے بھگدڑ مچ گئی تھی۔ اس واقعے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی تھی جبکہ پانچ افراد بُری طرح جُھلس گئے ہیں جنہیں علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیاگیا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی ٹیمیں پہنچ گئی تھیں۔ آتشزدگی سے ہر طرف دھواں ہی دھواں پھیل گیا تھا تاہم مستعد فائر فائٹرز نے خاصی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ اس تین منزلہ شاپنگ سنٹر کو فوری طور پر لوگوں سے خالی کرا لیا گیا تھا۔اس کے علاوہ بھی ایک اور شاپنگ مال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا اور امدادی اداروں نے تمام افراد کو صحیح سلامت آگ سے متاثرہ کاروباری مرکز سے باہر نکال لیا تھا ۔ 

ذرائع: اردو پوائنٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں