107

سعودی عرب نے بیرون ملک پھنسے تارکینِ وطن کے ویزوں میں 31جولائی تک توسیع کا اعلان کر دیا

سعودی عرب نے کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے ہوئے تارکینِ وطن کے اقاموں کی تجدید کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے ہوئے تارکینِ وطن کے اقاموں کی تجدید ،خروج اور دوبارہ داخلہ کے لیے ویزوں کی میعاد میں خودکار طریقے سے 31 جولائی 2021ء تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے خودکار طریقے سے پہلے ہی ویزوں کی تجدید کا عمل شروع کردیا ہے اور اس کی ویزا حاملین سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

سعودی پریس ایجنسی نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان سمیت صرف 20 ممالک سے تعلق رکھنے والے تارکینِ وطن کے اقامتی ویزوں میں توسیع کی جائے گی۔سعودی عرب نے کووِیڈ19 کی وباسے متاثرہ ان ممالک کی فہرست کا 2 فروری کو اعلان کیا تھا اوران سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔

ان 20 ممالک میں متحدہ عرب امارات ، جرمنی ، امریکا، برطانیہ ، جنوبی افریقہ ، فرانس ، مصر ، لبنان، بھارت ، پاکستان ،ارجنٹینا ، برازیل ، انڈونیشیا،آئرلینڈ ،اٹلی ، جاپان ، پُرتگال ، سویڈن ، سوئس کنفیڈریشن اور ترکی شامل ہیں۔ ان ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے علاوہ ان میں مقیم سعودی عرب جانے کے خواہاں زائرین کے ویزوں کی مدت میں بھی 31 جولائی تک توسیع کردی جائے گی۔

دریں اثناء سعودی عرب نے بدھ کو کووِیڈ19 کے 1274 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں اس مہلک وائرس کا شکار 15 مریض وفات پا گئے ہیں اور 1028 صحت یاب ہوگئے ہیں۔سعودی عرب میں اب تک کووِیڈ19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 461242 ہوچکی ہے۔

ذرائع: کویت اردو نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں