257

سفیر پاکستان سید سجاد حیدر کا خصوصی انٹرویو، کویت تعیناتی سے قبل دی جانے والی ذمہ داریوں کا خلاصہ کر دیا

بطور سفیر کویت تعیناتی سے قبل سفیر پاکستان جناب سید سجاد حیدر کے ذمہ کون کون سے کام لگائے گئے ریڈیو کویت اردو سروس کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے سفیر پاکستان نے ان کا مختصر خلاصہ کیا۔

(محمد عرفان شفیق۔ کویت) ریڈیو کویت اردو سروس کی جانب سے ہفتہ وار پروگرام آج کے مہمان بروز منگل 13 جولائی ؁2021 میں سفیر پاکستان برائے کویت عزت مآب سید سجاد حیدر نے شرکت کی۔ پروگرام میں سفیر پاکستان نے مختصر وقت میں اپنی زندگی کے چیدہ چیدہ پہلووں پر روشنی ڈالی۔ سفیر پاکستان نے اپنے ابتدائی ایام، زمانہ سفارتکاری اور کویت میں تعیناتی پر خصوصی گفتگو کی۔ ریڈیو کویت اردو سروس کے اسٹوڈیو پہنچنے پر سفیر پاکستان کو ریڈیو کویت کی ٹیم کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ اپنی گفتگو میں سفیر پاکستان نے اپنے بچپن، لڑکپن سے لے کر سول سروسز تک کے سفر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ

کس طرح ان کے والدین نے ان پر اور ان کے بہن بھائیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی۔ انہوں کے کہا کہ کویت آنے سے پہلے ان کے ذمہ یہ کام لگایا گیا تھا کہ کویت اور پاکستان کی دوستی کو مزید مضبوط کرنا اور مزید ترقی کی راہیں استوار کرنا تاکہ دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے کے مزید قریب آسکیں۔

ویزہ بندش یقیناً ہر پاکستانی کا مسئلہ تھا جو کہ 2011 سے پابندی کا شکار تھا اور پاکستانیوں کے اس دیرینہ مسئلہ کا حل ان کی ترجیحات میں شامل تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کے دنوں میں انہوں نے سفارتخانہ پاکستان کو ایک دن کے لیے بھی بند نہیں کیا اور روزمرہ کی بنیاد پر وزارت صحت کے وضع کردہ اصولوں کے تحت کونسلر سروسز بہم پہنچائیں۔ اس کے علاہ سفارتخانہ کے پلیٹ فارم سے نہ صرف ہموطنوں بلکہ دوسرے لوگوں تک بھی ریلیف کے تحت راشن پہنچانے کا انتظام کیا۔ سفارتخانہ پاکستان کے توسط سے فلائٹ آپریشن بحال کیا تاکہ کرفیو میں پھنسے پاکستانی اپنے ملک واپس جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ

سفارتخانے کا تقریبا ہر کام آن لائن کر دیا گیا ہے تاکہ پاکستانی کمیونٹی بلا رش اپنے تمام کام آن لائن مکمل کر سکے۔ طبی عملے کی کویت میں تعیناتی یقیناً ایک قابل ستائش کام ہے اور تاوقت حال تقریبا 1200 افراد پر مشتمل طبی عملہ کویت پہنچ چکا ہے اور وزارت صحت میں اپنی خدمات سر انجام دے رہا ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کے بابت انہوں نے کہا کہ کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ایک عظیم کمیونٹی ہے اور مصیبت کی ہر گھڑی میں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہر پاکستانی اپنی اپنی استظاعت کے مطابق دونوں ممالک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے اور دوستی کی راہیں مزید مضبوط بنائے۔ آخر میں سفیر پاکستان کو

یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ یاد رہے کہ اس خصوصی ٹرانسمیشن کو ریڈیو کویت اردو سروس کی میزبان نِدا مرزا اور رضیہ اشرف نے پیش کیا جبکہ ابوبکر پایولی نے کوآرڈینیٹر اور برکت خان نے ساونڈ انجینئر کے فرائض انجام دیے۔ یہ پروگرام شیجون الصباح (ڈائریکٹر پروگرام، فارن سروسز) اور شیجون المرشد (سپروائزر فارن سروسز) کی زیرسرپرستی نشر کیا گیا۔ پروگرام FM93.3 اور 963 AM پر نشر کیا گیا۔

ذرائع: کویت اردو نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں