111

عمان اور سعودیہ نے 10 بلین ڈالر سے زائد مالیت کے 13 معاہدے کرلیے

معاہدوں پر دستخط سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مسقط آمد کے موقع پر ہوئے‘ عمان کی جانب سے سلطنت کی سرمایہ کاری اتھارٹی کی مکمل ملکیت والی عمانی کمپنیوں نے دستخط کیے

خلیجی سلطنت عمان اور سعودی عرب نے 10 بلین ڈالر سے زائد مالیت کے 13 معاہدوں پر دستخط کردیے ، ان معاہدوں پر دستخط سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مسقط آمد کے موقع پر ہوئے ، جہاں عمان کی جانب سے سلطنت کی سرمایہ کاری اتھارٹی کی مکمل ملکیت والی عمانی کمپنیوں نے دستخط کیے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق عمان کے سرکاری ٹی وی نے رپورٹ کیا ہے کہ عمان میں مقیم ایک عالمی توانائی فراہم کرنے والے OQ گروپ نے 3 معاہدوں پر دستخط کیے جن میں سے پہلا معاہدہ پیٹرو کیمیکلز، قابل تجدید توانائی اور گرین ہائیڈروجن کے شعبوں میں ACWA پاور اور فضائی مصنوعات کے ساتھ تھا ، دوسرا تیل ذخیرہ کرنے سے متعلق، سعودی آرامکو کے ساتھ اور تیسرا معاہدہ SABIC کے ساتھ ہوا جس میں عمان کے Duqm پیٹرو کیمیکل کمپلیکس پروجیکٹ کی ترقی شامل ہے۔بتایا گیا ہے کہ عمان کے Omran گروپ نے سعودی دارالارکان رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ساتھ عمان میں یتی بیچ کی ترقی کے لیے ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں ، Omran گروپ کو پائیدار اور مستند سیاحتی اثاثے، طرز زندگی کی کمیونٹیز اور اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے اور معیشت کے تنوع میں حصہ ڈالنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے مقامات کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ماہی پروری میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے فشریز ڈویلپمنٹ عمان اور سعودی عرب کے نیشنل ایکوا کلچر گروپ یا نقوا کے درمیان ایک اور یادداشت پر دستخط کیے گئے ، اس کے علاوہ سعودی تداول گروپ اور مسقط سیکیورٹیز مارکیٹ نے اسٹاک ایکسچینج کے آپریشن اور کمپنیوں کی دوہری فہرست سازی کے لیے تعاون کے لیے ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔عمان نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ عمان میں قائم ایک لاجسٹکس گروپ ’اسیاد‘ نے سعودی بحری کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ، جب کہ معدنیات کی ترقی عمان نے کان کنی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مملکت کی Maaden فاسفیٹ کمپنی کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں ، ان معاہدوں کے بارے میں سعودی عرب میں نیشنل کمپنیز انٹرپرینیورشپ پروگرام کے سی ای او بدر البدر نے کہا کہ مفاہمت کی یادداشتوں کی سرمایہ کاری کی کل مالیت 10 بلین ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔خیال رہے کہ اپنے علاقائی دورے کے دوران سعودی ولی عہد متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت کے رہنماؤں اور اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے ، ان کا یہ دورہ اس ماہ ریاض میں ہونے والے جی سی سی سربراہی اجلاس سے پہلے ہو رہا ہے ، توقع ہے کہ وہ عمان کے بعد ابوظہبی جائیں گے۔

ذرائع: اردو پوائنٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں