224

اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے وفد کی سفیر پاکستان سے ملاقات

 اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفارتخانہ کویت میں سفیر پاکستان جناب سید سجاد حیدر صاحب سے تفصیلی ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے وفد کی قیادت کمیٹی کے صدر جاوید اقبال نے کی، دیگر افراد میں نثار احمد خٹک سیکریٹری جنرل، صدف علی صدف ذمہ دار شعبہ تعلقات عامہ اور محمود احمد خان ذمہ دار شعبہ میڈیا شامل تھے۔ سفیر پاکستان سید سجاد حیدر صاحب کی معاونت فرخ سیال کمیونٹی ویلفئیر اتاشی نے کی۔ ملاقات انتہائی خوش گوار ماحول میں ہوئی جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کے صدر نے سفیر پاکستان کو کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔ سفیر محترم نے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت کی سرگرمیوں کو سراہا اور اس کے دائرہ کار کو بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان کی ترقی میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنا چاہیے اور

کمیونٹی کے افراد کو اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے وفد نے کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے بھی سفیر محترم سے تبادلہ خیال کیا جبکہ سفیر محترم نے سفارت خانے کی کارکردگی کے حوالے سے وفد کو آگاہ کیا۔ محترم جاوید اقبال نے سفارت خانہ پاکستان اور

بالخصوص سفیر پاکستان کی کویت میں کاوشوں کو سراہا جس سے وطن عزیز پاکستان کے وقار میں مزید اضافہ ہوا اور دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوئے۔کمیٹی کے صدر نے سفیر محترم کو خراج تحسین پیش کیا جن کی کوششوں سے کافی تعداد میں ہنر مند افراد پاکستان سے کویت آئے۔ سفیر محترم نے یقین دلایا کہ ویزوں کے اجراء میں وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی جبکہ دیگر شعبہ جات میں بھی نئے افراد کے ویزوں کے حصول کے لیے کوششیں جاری ہیں سفیر پاکستان نے کمیٹی کی دعوتی و تربیتی سرگرمیوں، دورہ تفسیر، نوجوانوں میں مقابلہ حسن قرآت، سمر کیمپ اور یوتھ ونگ کی دیگر سرگرمیوں کو سراہا۔

اس موقع پر صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی نے کتاب “مقصد حیات” محترم سفیر اور جناب فرخ سیال صاحب کو پیش کی۔ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے صدر نے سفیر پاکستان جناب سید سجاد حیدر کو الوداعی عشائیے کی دعوت دی جو سفیر محترم نے خوش دلی سے قبول کر لی۔

ذرائع: کویت اردو نیوز

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں